Nov ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے کئی اہم شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی سانس لینا بھی محال

پاکستان کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، فضا میں زہریلے ذرات کے باعث سانس لینا بھی محال ہو گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: لاہور کے بعد ملتان، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی سموگ کی لپیٹ میں آگئے، ملتان آج بھی فضائی آلودگی میں سر فہرست ہے جہاں اے کیو آئی 950 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 560 تک جا پہنچا ہے جبکہ پشاور کا اے کیو آئی 597، اسلام آباد کا 254 اور راولپنڈی کا اے کیو انڈیکس 284 کو چھو گیا۔

ادھر دھند اور سموگ کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں ماہریں نے خبردار کیا ہے کہ سموگ سے بچے، بزرگ، خواتین اور امراض قلب کے افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، فضا میں کیمیکل کے ذرات موجود ہیں، سموگ میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، گرم مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

دوسری جانب لاہور میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو گیا، ایک ہفتے میں شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں، آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض بھی بڑھنے لگے ہیں۔

ٹیگس