Nov ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۸ Asia/Tehran
  • اڈیالہ جیل کے باہر تحریک انصاف کے رہنماوں کی گرفتاری اور رہائی ؟

راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب اور احمد خان بھچر کو رہا کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے اڈیالہ جیل میں گرفتاری اور رہائی کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب، آئی جی جیل خانہ اور سیکریٹری داخلہ کو برخاست کیا جائے۔

اسلام آباد میں خیبرپختونخواہ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمرایوب نے کہا کہ ہم لوگ سیدھا اڈیالہ جیل سے یہاں آرہے ہیں، عدالتی حکم پر بانی چیئرمین سے ملاقات کرنے ہم اڈیالہ جیل گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی احکامات لے کر 2 بجے اڈیالہ جیل کے گیٹ پر پہنچے اور اڈیالہ جیل کے ملازمین سے پوچھا "کیا ہماری ملاقات کروائیں گے یا نہیں" لیکن اسی دوران پولیس اہلکاروں نے کہا کہ آپ حراست میں ہیں اور ہماری گاڑیوں کو چوکی کے اندر بند کر دیا  ۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی کرنل کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی ہونی چاہیے، اس پر پارلیمنٹ کے اجلاس کی ریکوزیشن دیں گے، ہم اس پر چیف جسٹس پاکستان کو بھی خط لکھیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا۔

ٹیگس