تحریک انصاف کا احتجاج، انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل دفعہ 144 نافذ
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہے اوربانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر 23 نومبر سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس جزوی معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا دوسری جانب راولپنڈی میں 26 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کردی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
اس حوالے سے وزرات داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں معطل کی جاسکتی ہے۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق 22 نومبر سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹیو کردی جائے گی، فائر وال ایکٹیو ہونے سے انٹرنیٹ سروس سلو ہو جائے گی۔
ذرائع وزرات داخلہ نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا ایپز پر ویڈیوز اورآڈیو ڈاؤن لوڈنگ نہیں ہوسکیں گی، صورتحال کو دیکھتے ہوئے کسی بھی وقت مخصوص مقامات پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہے اوربانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔