Dec ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۰ Asia/Tehran
  • عمران خان کے گرد گھیرا تنگ، فوجی عدالتوں سے عمران خان کے بھانجے سمیت 60 افراد کو سزائیں

سانحہ 9 مئی میں عمران خان کے بھانجے سمیت مزید 60 افراد کو سزائیں سنا دی گئیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: فوجی عدالت نے سانحہ 9 مئی 2023 میں ملوث سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 ملزموں کو سزائیں سنا دیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سانحہ 9 مئی میں ملوث مزید 60 مجرمان کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزائیں سنائیں۔

بیان کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام شواہد کی جانچ پڑتال، مجرموں کو قانونی حق کی یقینی فراہمی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سزائیں سنائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے 60 مجرموں میں جناح ہاؤس حملے میں ملوث حسان خان نیازی ولد حفیظ اللہ نیازی بھی شامل ہیں جنہیں 10 سال قید بامشقت سنائی گئی۔

پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اِس کے ساتھ ہی فوجی حراست میں لئے جانے والے 9 مئی کے ملزمان پر چلنے والے مقدمات کی سماعت متعلقہ قوانین کے تحت مکمل کر لی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تمام مجرموں کے پاس اپیل کا حق اور دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں ۔

یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر اہم رہنماؤں کے خلاف بھی فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے جنہیں آئی ایس پی آر نے اپنی پریس ریلیز میں 9 مئی کے ’منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈ‘ کے طور پر بیان کیا ہے۔اگر یہ سچ ہوجاتا ہے تو یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ جب سابق وزیراعظم کو فوجی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب ٹرائل کی ٹائمنگ پر بھی سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے نزدیک متعلقہ افراد تک پیغام پہنچانا مقصود تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ 9 مئی کے واقعے میں پی ٹی آئی کے حامیوں کی سزاؤں کا اعلان اسلام آباد میں 26 نومبر کے واقعے کے بعد کیا گیا کہ جس میں خیال کیا جاتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کریک ڈاؤن میں متعدد مظاہرین مارے گئے تھے۔

ٹیگس