Dec ۲۸, ۲۰۲۴ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستان-افغاستان سرحد پر شدید جھڑپیں، 19 پاک فوجی ہلاک

افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں پر جھڑپوں میں دونوں جانب سے متضاد دعوے کئے جارہے ہیں افغانستان کی طلوع نیوز ایجنسی نے افغانستان کی وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاک افغان سرحدی تنازعے میں خوست اور پکتیا صوبوں میں کم از کم انیس پاکستانی فوجی اور تین افغان شہری ہلاک ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق، جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پاکستانی فورسز کی جانب سے افغانستان میں مارٹر گولے داغے گئے، جس میں تین افغان شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ افغان فورسز نے پاکستانی فورسز کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آج صبح پکتیا کورم کے سرحدی علاقوں میں بارڈر فورس اور افغان طالبان کی افواج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اب تک ایک پاکستانی ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے۔

پاکستانی سیکورٹی ذرائع نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ دہشت گردوں نے کرم اور شمالی وزیرستان سے پاکستان کے اندر دراندازی کی کوشش کی جسے سیکورٹی کے جوانوں نے ناکام بنادیا- پاکستانی سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا اس جوابی کارروائی میں پندرہ دہشت گرد اور افغان طالبان مارے گئے -

 

ٹیگس