Jan ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • امریکا اور سامراجی طاقتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہی ہیں: مولانا فضل الرحمان کی ایرانی سفیر سے ملاقات

پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری نے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں ایران پاکستان تعلقات، علاقائی صورت حال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی دنیا میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکا اور دیگر کی مکروہ سیاست ملوث ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ فلسطین کی حمایت پر جے یو آئی کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں شایان شان غزہ یک جہتی مظاہروں کے انعقاد پر سلام پیش کرتا ہوں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، خطے کے اہم ممالک پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائشیا دفاع غزہ اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کو دفن کردیا ہے ۔

مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کے بعد سحر ٹیوی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کبھی بھی امت مسلمہ کا خیر خواہ نہیں رہا، امریکا کو ہمیشہ اپنے مفادات عزیز ہوتے ہیں اور مسلسل صہیونی اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں قیامت ڈھا دی گئی مگر انسانی حقوق کی یہ سنگین پامالیاں امریکا کو نظر نہیں آتیں، امریکا اور سامراجی قوتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکا اور دیگر کی مکروہ سیاست ملوث ہے، ایسی سیاست کو انسانیت تو نہیں کہا جاسکتا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبلہ اول مسلمانوں کا قبلہ ہے، مسلمانوں نے ہی اسے بار بار فتح کیا، 1967 میں اسرائیل نے اس پر قبضہ کیا، اقوام متحدہ نے بھی اسے تسلیم نہیں کیا۔

ٹیگس