Jan ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  • کرم میں کرفیو نافذ، شرپسندوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظر 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے بعد ضلع میں ہر قسم کے جلسے، جلوس، اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔

سحر نیوز/ پاکستان: ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر دو ماہ کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم عناصر دہشت گردانہ حملے کرکے امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش کررہے  ہیں، جن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد تری سے چھپری تک مین شاہراہ پر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کرم میں دو روز قبل ہی فریقین کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوجانے کے بعد کل صبح صوبائی حکومت نے 75 ٹرکوں میں امدادی سامان کرم کے لیے روانہ کیا تھا، ڈپٹی کمشنر اسی امدادی سامان کے قافلے کے لیے سڑکیں بحال کروانے گئے اور خود فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔

فائرنگ کے واقعے میں ڈپٹی کمشنرکرم جاوید اللہ محسود اور 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ بگن چار خیل کے علاقے میں 21 نومبر کو مسافروں کے قافلے پر فائرنگ میں 50 سے زائد افراد شہید ہوگئے جس کے بعد کرم ایجنسی کے علاقے اپر کرم، بگن اور پارا چنار میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے، اس دوران فریقین کے مابین مسلح تصادم میں کئی درجن افراد جاں بحق ہوئے۔

ٹیگس