Jan ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی پر 2 الگ الگ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 کوگرفتار کرلیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے دونوں کارروائیاں 11 اور 12 جنوری کی درمیانی شب کی گئیں، شمالی وزیرستان کے علاقے دوسیلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن شمالی وزیر ستان کے علاقے ایشام میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے ڈیر اسمٰعیل خان کے ایک علاقے میں آپریشن میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

ٹیگس