پاکستان کے وزیرِاعظم کی قومی اسمبلی پہنچنے پر شدید ہنگامہ اور نعرے بازی
پاکستان کے وزیرِاعظم منگل کے روز جب قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تو ایک ہنگامہ مچ گیا۔ اپوزیشن اور حکومت نمائندگان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، جس سے کارروائی کرنا محال ہوگیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کی قومی اسمبلی آمد کے ساتھ ہی اپوزیشن نے احتجاج شروع کر دیا، اپوزیشن کی طرف سے ’اوو اوو‘ کی آوازیں لگائی گئیں اور ایوان میں اپوزیشن کا احتجاج شدید تر ہوگیا۔
عمر ایوب سمیت اپوزیشن اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، پی ٹی آئی اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اراکین نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کرتے رہے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خود بھی نعرے لگاتے رہے۔
دوسری جانب حکومتی اراکین نے وزیراعظم کی نشست کے گرد گھیرا ڈال لیا اور جوابی نعرے لگانے شروع کردیئے۔ اسمبلی میں اتنا شور تھا کہ ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔ لیکن اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کانوں پر ہیڈفون لگا کر جاری رکھی۔
ایوان میں پیپلز پارٹی اراکین اپنی نشستوں پر بیٹھے تمام صورتحال سے لاتعلق نظر آئے جبکہ اپوزیشن نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں اچھال دیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ جب تک وزیراعظم اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اس وقت تک ہم اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، جس پروزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم تین بجے تک ایوان میں پہنچ جائیں گے بعد ازاں شہباز شریف پارلیمنٹ پہنچے تو اس کے بعد ہی اجلاس شروع ہوا۔