Mar ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صدر نے آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فلسطین پر ہمارا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے جیسے ہی خطاب شروع کیا پی ٹی آئی کے ارکان پلےکارڈز لے کر اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے، اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی شروع ہو گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر نے کہا کہ موجودہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر سیکیورٹی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، دہشت گردی سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ کو تشدد کی حامی عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے اتفاق رائے قائم کرنے کی ضرورت ہے، آج دہشت گردوں کو جو بیرونی سپورٹ اور فنڈنگ مل رہی ہے اس سے ہم سب واقف ہیں، ہم دوبارہ دہشت گردی کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

پاکستان کے صدر نے کہا کہ ہمیں دوست اورعلاقائی ممالک کے ساتھ تجارت، معیشت، ماحول کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے، ہم ایک ذمے دار اور امن پسند قوم کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں سلسلہ وار تباہی دنیا کی فوری توجہ کی متقاضی ہے، فلسطینی عوام مسلسل تشدد، نقل مکانی، جبر کو برداشت کر رہے ہیں، پاکستان فلسطینی کاز کے لیے پرعزم ہے، فلسطینی عوام کی امنگوں پر مبنی منصفانہ اور دیرپا حل کے مطالبے پر قائم ہے، فلسطین پر ہمارا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے، ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، خطے میں دیرپا امن کے لیے ضروری ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

ٹیگس