امریکی سفارت خانے کا گھیراؤ ؟
حافظ نعیم الرحمان نے آج سے جماعت اسلامی کی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے شہرلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جمعہ 11 اپریل کو ملک بھر میں غزہ کی حمایت میں احتجاج کریں گے، 13 اپریل کو کراچی میں فلسطین مارچ ہوگا، 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطین کے معاملہ پر قبرستان جیسی خاموشی ہے، امریکا، برطانیہ اور یورپ کے چہرے کا نقاب اتر چکا ہے، ثابت ہوگیا مغرب آج بھی اتنا ہی وحشی ہے جتنا ڈارک ایجز میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، امریکا کسی کا دوست نہیں، یوکرین کے حالات دیکھ لو، امریکا اور اسرائیل مجرم ہیں، انہیں تاریخ معاف نہیں کرے گی، عید پر فلسطین میں بچوں پر بمباری کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا اور یورپی یونین اسرائیل کے سپورٹر ہیں، غزہ کی صورتحال پر کوئی بولنے کو تیار نہیں، مغرب میں باضمیر لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 80 سے 90 فیصد غزہ تباہ ہو گیا ہے، غزہ میں 80 ہزار لوگوں کو بےدخل کردیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے سارے ہسپتالوں کو تہس نہس کردیا اور مسلم ممالک نے بے حسی کی چادر اوڑھی ہوئی ہے۔
غزہ کی پٹی میں 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 46 فلسطینی شہید ہوگئے۔
18 مارچ کو یکطرفہ طور پر جنگ بندی معاہدہ توڑنے کے بعد اسرائیل کی دہشت گردی کے نتیجے میں کم ازکم 1309 فلسطینی شہید جبکہ 3 ہزار 184 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی دہشت گردی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 60 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔