پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سفارتی کشیدگی جاری
May ۲۳, ۲۰۲۵ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سفارتی کشیدگی جاری ہے۔ پاکستان نے ہندوستان کے ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر چوبیس گھنٹے میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے سفارتی اہلکار کو سفارتی آداب کے منافی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ہندوستانی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا۔ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی ناظم الامور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفارتی اہلکاروں کو سفارتی آداب کے منافی سرگرمیوں سے روکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہندوستانی وزارت خارجہ نے بھی پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ہندوستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔