Aug ۲۵, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب کا قہر؛ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

پاکستان میں ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش و طوفان سے تباہی کے نتیجے میں اب تک آٹھ افراد جاں بحق اور سینتالیس دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے حوالے سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گيا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفان سے تباہی کے نتیجے میں اب تک آٹھ افراد جاں بحق اور سینتالیس دیگر زخمی ہوچکے ہیں جبکہ تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کے باعث متعدد دیواریں اور چھتیں گر گئیں، طوفان کی رفتار سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان، عبدالناصر خان نے ضلع میں طوفان سے ہونے والے نقصانات اور جانی نقصان کے سرکاری اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں۔
تازہ رپورٹ کے مطابق طوفان کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے پانچ تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان اور تین تحصیل پہاڑپور سے ہیں جبکہ سینتالیس زخمیوں میں سے اکتالیس کا علاج ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور چھے کا میاں محمد ٹیچنگ اسپتال میں جاری ہے۔ زخمیوں میں تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، جو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ اٹھارہ زخمیوں کو مشاہدے کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

ٹیگس