پاکستان: اورکزئی حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، آئی ایس پی آر
اطلاعات کے مطابق پاکستانی سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اورکزئی حملے میں ملوث تمام 30 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں ہونے والے حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 30 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اورکزئی دہشت گردانہ حملے میں پاکستان کے دو افسران سمیت 11 فوجی جاں بحق ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں کارروائی انجام دی جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دریں اثنا، پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے اورکزئی میں انجام دی گئی کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج نے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑ کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔