پاک افغان سرحد پر تازہ جھڑپیں، پاکستان کا افغانستان کے کئی ٹینکوں کو تباہ کرنے اور بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ
پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر تازہ جھڑپوں کی اطلاعات ہیں اور پاکستان نے افغانستان کے 6 ٹینک تباہ کرنے اور طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر قدرے امن کے بعد تازہ جھڑپیں ہوئی ہیں اور پاکستانی فوج نے بتایا کہ شمال مغرب کا سرحدی علاقہ کرم افغان طالبان کے شدید حملوں اور فائرنگ کا نشانہ بنا جس کے فوراً بعد پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔
پاکستانی فوج کے دعوے کے مطابق افغان طالبان کے 6 ٹینکوں کو، ان پر سوار تمام افراد کے ساتھ، تباہ کردیا گیا اور طالبان کی کئی پوسٹوں کو بھی شدید حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی سیکورٹی فورسز کے مطابق افغان طالبان کی شمشاد اور نرگسار سرحدی چوکیوں کو بھی تباہ کردیا گیا، اس کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے بہت سے عناصر سمیت بڑی تعداد میں سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے۔
ادھر پاکستانی فوج اور ذرائع ابلاغ نے افغان طالبان کے ساتھ ہونے والی نئی جھڑپوں میں اپنے جانی اور مالی نقصان کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا ہے۔