Oct ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • پاکستان و افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ، استانبول میں شروع

پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور استنبول میں شروع ہوگيا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: ترکیہ کی میزبانی میں پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات استنبول کی مقامی ہوٹل میں منعقد ہو رہے ہیں جس میں دوحہ میں طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

خبری ذرائع کے مطابق استنبول میں ہورہے مذاکرات میں طالبان کی نمائندگی نائب وزیر داخلہ رحمت اللہ مجیب کی قیادت میں آنے والا اعلی سطح کا وفد کر رہا ہےجبکہ پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی حکام پر مشتمل 2 رکنی وفد شریک ہے جو مذاکرات میں تجاویز پیش کرے گا جن میں افغانستان سے پاکستان میں حملے، ان کی مانیٹرنگ اور اس حوالے سے میکنزم کو حتمی شکل دینا شامل ہے۔

یاد رہے کہ پاک افغان امن مذاکرات کا پہلا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوا تھا جس میں دونوں ملکوں نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

افغانستان کی طالبان حکومت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ایسے وقت استنبول میں جاری ہے کہ جب دونوں ہمسایہ ممالک کی سرحدیں بدستور بند اور باہمی تجارت معطل ہے۔

موجودہ چیلنجوں کے ساتھ ساتھ پانی کے مسئلے پر تنازع بھی ان تعلقات میں ایک نیا پہلو بن کر ابھرا ہے۔

ٹیگس