شہید آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم رہنما تھے: شہباز شریف
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i453574-شہید_آیت_اللہ_علی_خامنہ_ای_عظیم_رہنما_تھے_شہباز_شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ " شہید آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم عالم اور رہنما تھے، دنیا بھر میں مسلمان انہیں عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔"
(last modified 2026-07-04T10:01:15+00:00 )
Jul ۰۴, ۲۰۲۶ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • شہید آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم رہنما تھے: شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ " شہید آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم عالم اور رہنما تھے، دنیا بھر میں مسلمان انہیں عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔"

سحرنیوز/پاکستان: اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے تہران میں ایرانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ "شہید آیت اللہ علی خامنہ ای نے ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا، شہید سپریم لیڈر نے انتہائی خلوص اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ایران کی خدمت کی۔"

انہوں نے کہا کہ ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے، ہم ان کی شہادت پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے آئے ہیں، وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں شہید لیڈرکے علاوہ ان کے عزیزوں اور ہزاروں ایرانی بہن بھائیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہر حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، میں پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف شہید رہبرانقلاب کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے تہران آئے تھے۔

پاکستانی وزیر اعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی تھے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel