Apr ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکی فوج دہشتگرد ہے، پاک و ہند کے ذرائع ابلاغ میں انعکاس

اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے امریکی فوج کو دہشتگرد قراردینے کا پاکستان و ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں بڑے پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل کی ویب سائٹ دنیا نے یہ شہ سرخی لگائی ہے۔

امریکا خود دہشت گردوں کا سرپرست ہے، حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا داعش کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔

امریکی صدر حسن روحانی کا پاسداران انقلاب کو بلیک لسٹ کرنے کے امریکی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا کون ہوتا ہے جو ایک ملک کے انقلابی ادارے کو دہشت گرد قرار دے۔

عوام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا خود دہشت گردوں کی قیادت کرتا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ کس نے داعش کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا بلکہ امریکا نے ابھی بھی داعش کے کئی رہنماؤں کو چھپایا ہوا ہے۔

ایکسپریس کی شہ سرخی:

 ٹرمپ عالمی دہشت گردی کا سرغنہ اور امریکی فوج دہشت گرد تنظیم ہے، حسن روحانی

ایران کے صدر حسن روحانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی دہشت گردی کا سرغنہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے امریکی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاسداران انقلاب ایران کے محافظ ہیں اور ایرانی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے دوران پاسداران انقلاب کے جانثاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ امریکا پاسداران انقلاب کے خلاف عناد رکھتا ہے اور ایران دشمنی میں ہی پاسداران انقلاب کیخلاف متنازع فیصلہ کیا جب کہ اصل بات یہ ہے کہ امریکا عالمی دہشت گردی کا سربراہ ہے اور امریکی فوج خود ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔

پاکستانی اخبار اور ویب سائٹ جنگ کی شہ سرخی:

ایرانی وزیرخارجہ کی امریکی فوج کو دہشتگرد قراردینے کی تجویز

ایرانی فوج کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے امریکی فیصلے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جوابی کارروائی میں امریکی فوج کو بھی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز دے دی۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس حوالے سے ایرانی صدر حسن روحانی اور ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے۔

لکھے گئے خط میں جواد ظریف کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیاء میں دہشت گرد گروہوں کی کھلی حمایت کرنے پر امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا چاہیے۔

اور اب ہندوستان سے شائع ہونے والے اخباروں پر ایک نظر

روزنامہ انقلاب کی شہ سرخی:

امریکہ پوری دنیا میں پنپنے والی دہشتگردی کا سرغنہ ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم آج دہشت گردی کے خلاف دعوی کرتے ہو جبکہ تم دنیا کے انقلابی اداروں کو دہشت گرد قرار دے رہے ہو اور تم ہی عالمی  دہشت گردی کے سرغنے ہو تم نے سمجھا بھی کہ تم آج ایرانی قوم کے ساتھ کیا کر رہے ہو۔ کیا تم دہشت گردی کے علاوہ کچھ اور بھی کرتے ہو۔

 کشمیرعظمی کی شہ سرخی:

امریکہ عالمی دہشت گردی کا سردار

ایران کی اعلیٰ ترین سکیورٹی کونسل نے امریکی فیصلے کے رد عمل میں امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے، ایران کی سپریم نیشنل کونسل نے امریکی ملٹری فورسز کو ایک دہشت گرد تنظیم اور امریکا کو دہشت گردی اسپانسر کرنے والی ریاست قرار دیا ہے۔ ایرانی سپریم نیشنل کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے امریکا  دہشت گردی کا اسپانسر کرتا ہے اور خطے میں  دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی سیکیورٹی فورس پاسداران انقلاب کو خطے میں دہشت گردی کے فروغ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم قراردیا تھا جس کے بعد ایران نے بھی امریکی فوج کو دہشتگرد گروہ قراردیا ۔

 

ٹیگس