Sep ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے کی اسامہ بن لادن کے بیٹے کی موت کی تصدیق

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان سرحد کے قریب انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں 'القاعدہ' کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے اور نامزد وارث حمزہ بن لادن کی موت کی تصدیق کردی۔

خبررساں ادارے ’اےایف پی‘ کے مطابق امریکی میڈیا نے جولائی کے اواخر اور اگست کے اوائل میں خفیہ ایجنسی کے حکام کا حوالہ دے کر رپورٹ دی تھی کہ 2 برس قبل دوران آپریشن حمزہ بن لادن ہلاک ہواتھا۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر سینئر حکام نے عوامی سطح پر اس کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا تھا۔

اُس وقت جب ڈونلڈ ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ میں اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ تاہم اب وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاک افغان سرحد پر اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ماراگیا۔

یاد رہے کہ القاعدہ کو بنانے والے امریکہ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کو 2 سال قبل عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا، بعد ازاں امریکا نے یکم مارچ کو حمزہ بن لادن سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والے خطوط سے یہ واضح ہوا تھا کہ حمزہ اس کا جانشین تھا جس نے القاعدہ میں اس کی جگہ لی تھی۔ اسامہ بن لادن کو 7 برس قبل پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں امریکی فوجیوں نے ایک آپریشن کے دوران ہلاک کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اسامہ بن لادن کے اہل خانہ نے انکشاف کیا تھا کہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے نائن الیون حملے کے اصل کردار محمد عطا کی بیٹی سے شادی کی۔

ٹیگس