May ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • مہاجرین کا امڈتا ہوا سیلاب

غربت اورمسلط کردہ جنگوں کے ستائے ہوئے تارکین وطن خطرات کے سمندر میں سفر کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

 اطلاعات کے مطابق بحیرۂ روم کے راستے کشتیوں کی مدد سے اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے اواخر میں کئی کشتیوں میں سوار تقریباً 1400 پناہ گزین اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا پہنچے تھے۔

پیر کے روز اطالوی سرکاری ریڈیو پر ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لامپے ڈوسا پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد 2100 سے تجاوز کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ "لامپے ڈوسا " کا چھوٹا سا جزیرہ شمالی افریقہ اور سسلی کے درمیان واقع ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سمندر میں امدادی کارروائیاں کرنے والے کارکنوں نے خبردار کیا تھا کہ لیبیا سے بڑی تعداد میں ربر اور لکڑی کی چھوٹی کشتیوں میں سوار مہاجرین یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس دوران کئی ہولناک حادثات بھی پیش آ ئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے لیبیا کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے تقریباً 50 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

لیبیا کی ہلال احمر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق افریقہ کے مختلف ممالک سے ہے، جن میں مصر کے باشندے بھی شامل تھے۔

ٹیگس