Jul ۰۷, ۲۰۲۱ ۲۱:۴۲ Asia/Tehran
  • نیویارک میں بدامنی عروج پر، ہنگامی حالت نافذ

مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد، نیویارک کے گورنر نے ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نیویارک وہ پہلی ریاست ہے جس میں مسلح تشدد کے پے در پے واقعات کے بعد ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے جس کا اعلان عام طور پر قدرتی آفات اور سانحات کے بعد کیا جاتا ہے۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کی شدت میں معمولی کمی کے باوجود اسلحے کے زور پر لوٹ مار اور تشدد کے واقعات روزانہ درجنوں امریکیوں کی جان لے رہے ہیں۔

نیویارک کے گورنر نے مسلح تشدد کے حوالے سے ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلحانہ جرائم اور تشدد کی روک تھام کے لیے ایک سو تین ملین ڈالر کا بجٹ مختص کر دیا گیا ہے۔ اینڈریو کومو کے مطابق مسلحانہ جرائم اور تشدد کے حوالے سے ریاست نیویارک ملک بھر میں پہلے نمبر ہے۔

سن دوہزار بیس کے دوران نیویارک پولیس نے مسلح تشدد اور جرائم کے ڈیڑھ ہزار سے زائد واقعات درج کیے ہیں جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں فائرنگ کی بھینٹ چڑھنے والوں میں، سیاہ فام امریکی نوجوانوں کا تناسب دیگر لوگوں کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ ہے۔

ٹیگس