بایڈن کی روس کو سخت پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی، یوکرین پر حملے کا دعوی دہرایا
امریکی صدر جو بایڈن نے یہ دعوی دہراتے ہوئے کہ روس یوکرین پر حملے کا ارادہ رکھتا ہے، کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کی صورت میں امریکہ روس کے خلاف سنگین پابندیاں عائد کر دے گا۔
انہوں نے جمعے کی رات کو اپنی ایک تقریب میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ روس یوکرین پر حملے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی صدر جس وقت اپنی تقریر میں یہ بات کہہ رہے تھے اسی وقت مشرقی یوکرین کے خود مختار علاقے لوہانسک میں دو بھیانک دھماکے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں ہم روس کے خلاف سخت پابندیاں لگائیں گے۔ بایڈن نے کہا کہ روس کو جنگ اور سفارتکاری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا سفارتکاری ایک متبادل ہے، لیکن پوتین نے جنگ کا انتخاب کیا اور آئندہ دنوں میں یوکرین پر حملے کا فیصلہ کیا ہے۔
روس کے اسپیکر نے بایڈن کے اس بیان پر فوری رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن دونسک اور لوہانسک میں اپنے روسی شہریوں کی حفاظت کے لئے تیار ہیں۔
اس سے پہلے جمعرات کو امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو میں دعوی کیا تھا کہ یوکرین پر روس کے حملے کا خطرہ بہت بڑھ گیا ہے اور ممکن ہے کچھ دنوں کے اندر یہ حملہ ہو جائے۔