لیجیئےامریکی مراد بر آئی، روس یوکرین جنگ کا آغاز ہو گیا۔ ویڈیو
امریکہ اور نیٹو میں اسکے اتحادی ایک عرصے سے اس بات کے خواہشمند اور منتظر تھے کہ روس اپنے پڑوسی ملک یوکرین پر حملے کا آغاز کرے اور اسے بہانہ بنا کر وہ روس کی سرحدوں کے قریب اپنی موجودگی کو مضبوط بنائیں۔ اسی کے تحت وہ اب تک اپنے بیانات اور اقدامات سے روس یوکرین کی کشیدہ صورتحال کو مسلسل گرماتے رہے اور آخرکار اب نوبت یہ آگئی کہ روس نے امریکہ اور اسکے اتحادیوں کو اپنی سرحدوں کے قریب ہونے کی بابت بار بار انتباہ دینے کے بعد اب یوکرین پر چڑھائی کر ہی دی۔
روسی صدر ولادیمیر پوتین نے یوکرین میں فوجی اہداف کے خلاف ایک اسپیشل آپریشن انجام دینے کے لئے ایک فرمان پر دستخط کر دئے جس کے بعد یوکرین کے مختلف علاقوں سے شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسکی جانب سے یوکرین کے عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور اسکے آپریشن عسکری و فوجی اہداف تک محدود رہیں گے اور اس کے ہتھیار پوری دقت نظر کے ساتھ یوکرین کے فوجی اہداف اور تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔