یوکرین جنگ کا اثر فٹبال میدان تک پہنچا، فیفا نے بھی روس پر پابندی عائد کردی
عالمی سیاست کھیل پر بھی اثر انداز ہو گئی اور فیفا نے روس پر پابندی عائد کردی۔
عالمی میڈیا کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی گورننگ باڈی نے روس کے یوکرین کے خلاف جاری فوجی آپریشن کی پاداش میں متعدد پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی فٹبال میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح فیفا نے بین الاقوامی میچز میں روسی پرچم اور ترانے کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روس کی قومی فٹبال ٹیم روس کے بجائے(فٹبال یونین آف روس) کے طور پر میچز کھیلے گی جبکہ یہ میچز شائقین کے بغیر نیوٹرل مقام پر کھیلیں جائیں گے۔
اس سے قبل یوکرین پر جاری روسی آپریشن کے خلاف پولینڈ، سویڈن اور جمہوریہ چک نے عالمی کپ 2022 میں روس کے خلاف نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ برطانوی فٹبال یونین نے اتوار کے روز کہا تھا کہ وہ روس کے خلاف کسی بھی عالمی میچ کا حصہ نہیں بنے گی۔