Mar ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran
  • یوکرین روس کے ساتھ نیٹو میں عدم شمولیت کے موضوع پر گفتگو کو تیار

یوکرین نے کہا ہے وہ روس کے ساتھ مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں عدم شمولیت کے موضوع پر بات چیت کرنے کو تیار ہے۔

روس کے ساتھ مذاکرات میں مصروف یوکرینی وفد کے ایک رکن ڈیوڈ آراخامیا نے دعوا کیا ہے کہ کی یف نیٹو میں عدم شمولیت کے موضوع پر ماسکو سے مذاکرات کو تیار ہے۔

یوکرین کے مذاکرات کار نے امریکی نیوز چینل فاکس نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کے رکن ممالک آئندہ پانچ یا دس برسوں تک کی یف کی نیٹو میں شمولیت کے موضوع پر بات چیت کرنے کو تیار نہیں ہیں، اس لئے کی یف ماسکو کے ساتھ نیٹو کے علاوہ طاقت کے دیگر ماڈلز کے سلسلے میں گفتگو کو تیار ہے۔

خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے حکام کے درمیان اب تک دو بار مذاکرات ہو چکے ہیں جن میں قدرے پیشرفت ہونے کی بات بھی کی گئی ہے تاہم یہ مذاکرات اب تک جنگ کو لگام دینے میں ناکام رہے ہیں جبکہ روس نے بھی صاف طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ یوکرین میں اپنے اہداف پورے ہونے تک اسکے خلاف فوجی آپریشن کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

گزشتہ روس روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اپنے فرانسیسی ہم منصب امانوئل میکرون سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر یوکرین پر چڑھائی کے اپنے اہداف کو دہرایا اور کہا کہ ماسکو کا مقصد یوکرین کو نیٹو میں شامل ہونے سے روکنا اور وہاں پر نازی تفکرات کا خاتمہ ہے اور ماسکو، جنگ یا مذاکرات جیسے بھی ممکن ہوا، اپنے مقاصد حاصل کر لے گا۔

قابل ذکر ہے کہ مغرب نواز یوکرین کی موجودہ حکومت نے دوہزار چودہ میں روسی نواز صدر وکٹر یانوکوویچ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے یورپ اور امریکہ سے قریب ہونے اور مغربی و یورپی اداروں اور تنظیموں منجملہ یورپی یونین اور نیٹو میں شمولیت کی بھرپور کوشش کی ہے جس کے بعد امریکہ اور نیٹو نے یوکرین کے اندر اپنی فوجی سرگرمیاں بڑھا دی تھیں۔ ایسی صورتحال پر ماضی میں روس یوکرین کو خبردار کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کی جانب نیٹو کی پیش قدمی کو اپنے لئے خطرہ سمجھتا ہے اور اُس نے نمٹنے کے لئے وہ ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔۔

ٹیگس