Mar ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۴ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بارے میں اسرائیل کی امریکا سے درخواست

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نفتالی بنیت نے درخواست کی ہے کہ سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی کا نام امریکا کی دہشت گردوں کی فہرست میں باقی رہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ابھی اس خبر کی تائید نہیں ہو سکی ہے کہ امریکا، ممکنہ طور پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے نکال سکتا ہے تاہم اس خبر نے صیہونی حکومت کی تشویش میں اضافہ کر دیا۔

صیہونی وزیر اعظم نفتالی بنیت اور وزیر خارجہ یائیر لاپید نے جمعے کے روز امریکا کی جو بائیڈن انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام، دہشت گردوں کی اپنی فہرست سے نہ نکالے۔

نفتالی بنیت اور یائیر لاپید نے مشترکہ بیان جاری کرکے دعوی کیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے امریکیوں سمیت ہزاروں افراد کو قتل کیا ہے، ہمارے لئے یہ تصور کرنا بھی سخت ہے کہ امریکا، ایسے گروہ کو دہشت گردوں کی اپنی فہرست سے نکالنا چاہتا ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق اس ایران مخالف بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی ہی حزب اللہ لبنان ہے، غزہ میں جہاد اسلامی ہے، یمن میں الحوثی گروہ ہے، یہی عراق میں عسکریت پسند گروہ ہے۔

ٹیگس