Apr ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
  • روسی سفارتکار کو نکالنے کے بلغاریہ کے اقدام پر روس کا جواب

روس نے کہا ہے کہ بلغاریہ کی جانب سے روسی سفارتکار کو نکالے جانے پر ماسکو کی جانب سے جوابی اقدام ضرور عمل میں لایا جائے گا۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے  اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ روس کا ردعمل تبدیل نہیں ہوگا اور ماسکو کی جانب سے ضرور جواب دیا جائے گا۔ صوفیہ میں روسی سفارت خانے نے جمعے کو کہا ہے کہ بلغاریہ روس کے فرسٹ سیکریٹری کو نکال رہا ہے اور اس نے اس سلسلے میں انہیں غیر پسندیدہ سفارتکار قرار دیتے ہوئے ملک ترک کرنے کے لئے بہتر گھنٹے کی مہلت دی ہے۔

بلغاریہ کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ روس کا یہ سفارتکار جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

گزشتہ منگل کو ہالینڈ، بیلجیئم اور آئرلینڈ نے روس کے بیالیس سفارتکاروں کو نکال دیا تھا۔ یوکرین پر روس کے فوجی حملے کے بعد مغربی ملکوں نے روس کے خلاف وسیع پیمانے پر پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے۔ اس حملے کے بعد مغربی ملکوں نے یوکرین کی فوجی مدد بھی کی ہے اور ان ممالک کے فوجی یوکرین کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں اور یوکرینی فوجیوں کی تربیت کے تحت یوکرین میں داخل بھی ہوئے ہیں۔ جبکہ روس نے بارہا خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ یوکرین کو روس کے لئے خطرہ نہیں بننے دیا جائے گا۔

ٹیگس