Apr ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • روبل میں روسی گیس خریدے جانے پر یورپی یونین کا انتباہ

یورپی یونین نے روس کے خلاف پابندیوں میں نرمی کئے جانے اور روبل میں روسی گیس کی خریداری پر سخت خبردار کیا ہے۔

جرمن حکومت کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک روسی تیل کے بائیکاٹ کے بارے میں یورپی یونین کے فیصلے کے خلاف ہے اور وہ توانائی کی  قیمت روبل میں ادا کئے جانے کی مخالفت بھی جاری رکھے گا۔

 یاد رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے تئیس مارچ کو اعلان کیا تھا کہ روس کا بائیکاٹ کرنے والے ملکوں کو گیس کی قیمت روبل میں ادا کرنا ہوگی اور حکومت، سینٹرل بینک اور گیس پروم کمپنی کے پاس صرف ایک ہفتے کا وقت ہے تاکہ وہ گیس کی فروخت کے تمام سمجھوتے روبل کرنسی میں تبدیل کر دیں۔

یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ روبل میں سودا، روس کے خلاف پابندیوں میں نرمی کے مترادف ہو گا اور صورت حال روس کے حق میں تبدیل ہو جائے گی۔

ادھر چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ روس کے خلاف امریکی پابندیوں سے دنیا کے سبھی ملکوں پر اثر پڑے گا ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی وزیر خزانہ نے چین اور دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی ہے کہ یوکرین میں روسی جنگ کا خاتمہ کرانے میں تعاون کریں اور خبردار بھی کیا ہے کہ مغربی پابندیوں کو کمزور بنانے والے ملکوں کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

ٹیگس