May ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۶:۵۸ Asia/Tehran
  • امریکہ یوکرین جنگ میں براہ راست شامل ہو رہا ہے: روس

روس نے امریکہ پر یوکرین جنگ میں براہ راست شامل ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

روس کا کہنا ہے کہ یوکرین میں فوجی آپریشن کی امریکہ کی طرف سے ہماہنگی، روس کے خلاف فوجی کاروائی میں واشنگٹن کی براہ راست شمولیت کے مترادف ہے۔

روسی پارلیمنٹ کے دوما کے اسپیکر ویاچسلاف وولودین نے، جو اکثر کریملن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، سنیچر کو ٹیلیگرام چینل پر اپنی پوسٹ میں یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن بنیادی طور پر فوجی آپریشن کو تیار اور اسے ہماہنگ کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ ہمارے ملک کے خلاف فوجی کاروائی میں براہ راست شامل ہو رہا ہے۔

ویاچسلاف وولودین نے کہا کہ یوکرین میں اس وقت غیر ملکی مشیر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یوکرین میں سنہ 2019 کے انتخابات میں زلنسکی کے اقتدار میں  پہونچنے کو فوجی بغاوت کے مترادف قرار دیا۔

امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے روس کی فوجی پیشرفت کو روکنے کے لئے یوکرین کے لئے فوجی امداد بڑھا دی ہے۔ نیویارک ٹائمز نے امریکی انتظامیہ کے حوالے سے بدھ کو رپورٹ دی کہ واشنگٹن نے روسی فوجی ٹکڑیوں کے بارے میں خفیہ اطلاعات مہیا کرائیں جس سے یوکرینی فورسز کو اس جنگ میں متعدد روسی جرنلوں کو مارنے میں مدد ملی۔

24 فروری کو یوکرین کے خلاف روس کی فوجی کاروائي کے آغاز سے امریکی خفیہ ایجنسیوں نے روسی فوجی ٹکڑیوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگانے کے لئے خفیہ اطلاعات اور تجارتی سٹلائٹ سمیت مختلف طرح کے ذرا‏ئع استعمال کئے۔

ٹیگس