May ۰۹, ۲۰۲۲ ۰۷:۳۵ Asia/Tehran
  • جی-7 کی طرف سے روس پر نئی پابندیاں، روس کی اقتصادی شہ رگ کا کاٹنے کا دعوی

دنیا کے سات سب سے بڑے صنعتی ملکوں کے اتحاد جی-7 کے رہنماؤں نے روس کے خلاف نئی پابندیاں عا‏ئد کرنے کے ساتھ ہی روس سے تیل کی درآمدات کو مرحلہ وار طریقے سے ختم کرنے کا عہد کیا ہے۔

جی-7 کے رہنماؤں کا ماننا ہے کہ نئی پابندیوں سے روسی اقتصاد کی شہ رگ بری طرح متاثر ہوگی۔ ان ہماہنگ پابندیوں کا اعلان جی-7 نے اتوار کو کیا جس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینڈا، اٹلی اور جاپان شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 24 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پوتین کے یوکرین میں فوجی کاروائی کا حکم دینے کے بعد سے امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی ماسکو کے خلاف پابندیاں لگاتے جا رہے ہیں۔

جی-7 کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا نشانہ روس کا ایلیٹ کلاس ہے جو پوتین کے فوجی آپریشن کی حمایت کرتا ہے۔

جی-7 نے مشترکہ بیان میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم روس کے ایلیٹس اور ان کے گھروالوں کے خلاف اقتصادی لحاظ سے اپنی مہم تیز کرتے جائیں گے جو پوتین، جنگ اور روسی عوام کے وسائل کی بربادی کی حمایت کر رہے ہیں۔ 

ان ملکوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ وہ روس سے توانائی کی درآمدات پر اپنی وابستگی کو بھی دھیرے دھیرے ختم کردیں گے۔

وائٹ ہاؤس کا دعویٰ ہے کہ نئی پابندیوں سے پوتین کی اقتصادی شہ رگ بری طرح متاثر ہو گی اور انہیں اس جنگ کے لئے ضروری فنڈ اکٹھا کرنے سے روک دے گی۔

ٹیگس