Jun ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکی سپریم کورٹ کا فیصلہ نظر انداز، امریکی سینیٹ میں گن سیفٹی بل منظور

ری پبلکن کے 15 ارکان نے بھی گن سیفٹی بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔

امریکی سینیٹ نے گن سیفٹی بل منظور کرلیا۔ اس بل کی حمایت میں 65 اور مخالفت میں 33 ووٹ پڑے۔ یاد رہے کہ امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز گن سیفٹی قانون کو مسترد کیا گیا تھا۔

امریکی سپریم کورٹ نے اسلحہ ساتھ لے کر عوام میں جانے کے حق میں فیصلہ سنایا تھا اور کہا تھا کہ عوام میں اسلحہ اپنے ساتھ لے کر جانا امریکی شہریوں کا بنیادی حق ہے، امریکی آئین اسلحہ رکھنے اور عوام میں لے جانے کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔

امریکا میں گزشتہ ماہ فائرنگ کے 2 بڑے واقعات ہوئے تھے۔ فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر اسلحہ رکھنے کے اختیارات کو محدود کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے اُسے مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ عام فہم و شعور اور آئین دونوں کے خلاف ہے ۔

واضح رہے کہ امریکہ میں رائج  گن کلچر کے باعث سالانہ کئی ہزار افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔ امریکہ کے قانون ساز ادارے طاقتور اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے تاحال، گن کنٹرول قوانین وضع کرنے سے قاصر رہے تھے۔

ٹیگس