Jul ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • عربی نیٹو کے منصوبے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ، عبری ذرائع‏ ابلاغ

صیہونی ذرائع‏ ابلاغ کا کہنا ہے کہ عرب و اسرائیل نیٹو کی تشکیل کا امریکی مجوزہ منصوبہ ناقابل نفاذ ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کے دورہ مغربی ایشیا کے موقع پر علاقے کے بعض حکام اور ذرائع‏ ابلاغ میں عربی نیٹو کے نظریات کو ایک بار پھر فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عبری زبان کے اخبار یسرائیل ہیوم نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عربی نیٹو یا مغربی ایشیا کے نیٹو کے عنوان کے تحت عربوں اور اسرائیل کے درمیان علاقائی سیکیورٹی و دفاعی اتحاد کے قیام کے لئے امریکی تجویز ناقابل عمل ہے۔
اس اخبار کا کہنا ہے کہ اعلی صیہونی سیکیورٹی حکام اس قسم کے منصوبے کی کامیابی کے بارے میں شک و شبہے کا اظہار کرتے رہے ہیں اور ان کی نظر میں یہ اتحاد کارگر ثابت نہیں ہو سکتا۔
یسرائیل ہیوم نے رپورٹ دی ہے کہ اس طرح کے اتحاد کے فوائد سے کہیں زیادہ اس کے نقصانات ہیں۔
صیہونی اخبار نے اسرائیل کے سیاسی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ سعودی عرب ابھی اس قسم کے اتحاد کے لئے مکمل آمادہ نہیں ہے۔
اس درمیان عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سربراہ احمد خریس نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا دورہ ریاض ایک ایسے ملک کی پالیسیوں کی حمایت کے مترادف ہے جو غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سربراہ نے ایران پریس سے گفتگو میں امریکی صدر جوبائیڈن کے دورہ سعودی عرب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا اور یہ دورہ عرب قوموں کی تباہی کا باعث بنے گا۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سربراہ نے کہا کہ امریکی صدر کا یہ دورہ صرف ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے عربی نیٹو کی تشکیل کی غرض سے انجام پا رہا ہے بنابریں دنیا کے تمام حریت پسندوں کو چاہئے کہ اس دورے اور علاقے میں امریکی منصوبوں کی مخالفت میں اپنی آواز بلند کریں۔
انھوں نے کہا کہ اس دورے کا ایک اور مقصد بن سلمان کی ولیعہدی میں سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات کو  آشکارہ کرنا ہے جبکہ فلسطینی گروہ جوبائیڈن کے اس دورے کے خلاف ہیں اور وہ استقامتی تحریک کو مضبوط و مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے خطے کے دورے پر اس  پورے علاقے کی رائے عامہ اور مختلف عوامی اور فلسطینی گروہوں خاصطور سے تحریک استقامت نے اپنے سخت منفی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ 

ٹیگس