امریکی میزائلوں سے یوکرینی فوج کا حملہ، اپنے ہی قیدیوں کو ہلاک کردیا
Jul ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین نے امریکی میزائل سسٹم کے ذریعے اس جیل پر حملہ کردیا ہے جہاں یوکرینی جنگی قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔
اسپوتنک نیوز کے مطابق روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونیسک کے شہر اولنیفکا کی جیل کو امریکی میزائل سسٹم ہمارس سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جیل میں آزوف نامی نیو نازی گروپ سے تعلق رکھنے والے یوکرین کے درجنوں جنگجو قید ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق امریکی میزائل سسٹم کے ذریعے کیے گئے اس حملے میں کم سے کم ترپن یوکرینی قیدی ہلاک اور پچھتر کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
حملے میں جیل میں کام کرنے والے آٹھ روسی کارکنوں کو بھی زخم آئے ہیں۔
روس نے یوکرینی فوج کے اس حملے کو اشتعال انگیز اور یوکرینی عوام میں روس کے خلاف نفرت پھیلانے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔