Jul ۳۱, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۳ Asia/Tehran
  • چینی دھمکی سے امریکا بیک فٹ پر

امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے چین کی امریکہ کو براہ راست اور سخت دھمکیوں کے بعد تائیوان کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

سحر نیوز / دنیا: پیلوسی نے اگلے ہفتے ایشیا کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل کہا تھا کہ وہ تائیوان کا بھی دورہ کریں گی لیکن چینی صدر سمیت اعلیٰ حکام نے وائٹ ہاؤس کو خبردار کیا کہ وہ اس اقدام کو اپنی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی سمجھتا ہے اور وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔

اب پیلوسی کے دفتر نے اس دورے کا تفصیلی سفر نامہ جاری کیا ہے، جس میں تائیوان کے سفر کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

نینسی پیلوسی کے دفتر سے جاری ہونے والے دورے کے تفصیلی شیڈول میں کہا گیا ہے کہ وہ سنگاپور، ملیشیا، جنوبی کوریا اور جاپان میں امریکی کانگریس کے وفود کی قیادت کریں گی۔

جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں دھمکی دی کہ واشنگٹن آگ سے کھیلنا بند کرے اور تائیوان کے حوالے سے چین کو تقسیم کرنے کی سازش نہ کرے۔

چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے دھمکی دی کہ اگر پیلوسی نے اپنے دورے کے فیصلے پر عمل کیا تو فوجی جواب دیا جائے گا۔ کرنل ٹین کیفی نے چائنہ ڈیلی کو بتایا کہ اگر امریکی فریق آگے بڑھنے پر اصرار کرتا ہے تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی نہیں رہے گی اور تائیوان میں کسی بھی بیرونی مداخلت اور علیحدگی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے سخت اقدامات کرے گی۔

ٹیگس