Aug ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • چین کی امریکہ کو بڑی دھمکی، نینسی تائیوان گئیں تو خاموش نہیں بیٹھیں گے

چین نے کہا ہے کہ اگر امریکی اسپیکر نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر آج تائیوان پہنچیں گی۔ نینسی پلوسی کے تائیوان جانے سے متعلق چین نے امریکا کو خبردار کردیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ زو لی جین نے کہا ہے کہ امریکی اسپیکر کا دورۂ تائیوان چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت شمار ہوگا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چین اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا اور امریکی اسپیکر کے دورۂ تائیوان کے خطرناک سیاسی اثرات برآمد ہوں گے۔

ترجمان چینی دفتر خارجہ زو لی جین کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کا دورۂ تائیوان چین کی خودمختاری اور آزادی کو چیلنج کرنا ہے، ایسی صورت میں چین کی طرف سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب چین کی فوج نے نینسی پلوسی کے متوقع دورے کے پیش نظرسرحد پراپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انتونی بلنکن کا کہنا ہے کہ تائیوان کا دورہ، اسپیکر کی اپنی صوابدید ہے۔ان کی حفاظت کےحوالے سے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیاہے۔

واضح رہے کے امریکی اسپیکر برائے ایوان نمائندگان نینی پلوسی اس وقت چار ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں اور تائیوان جانے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔ تائیوانی حکام کے مطابق نینسی پلوسی ایک روزہ دورے پر تائیوان پہنچیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر آئی تھی کہ نینسی پلوسی نے اپنا دورۂ تائیوان ملتوی کر دیا ہے کیوں کہ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں اپنے دورے کے ممالک کا ذکر تو کیا تھا مگر اُس میں تائیوان کا نام شامل نہیں تھا۔

ٹیگس