Aug ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • یمن میں جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں: سلامتی کونسل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے ایسی حالت میں یمن میں جنگ بندی کی مدت میں توسیع کا خیرمقدم کیا ہے کہ پہلے ہی دن سعودی جارح افواج نے یمن جانے والے آئل ٹینکر پر بلاجواز قبضہ کرلیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے یمن کی جنگ کے تمام فریقوں سے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر فوری طور پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔ ان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وسیع جنگ بندی کے لئے تمام فریق ہمہ گیر اور جامع مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

سلامتی کونسل کے ارکان کے بیان میں آیا ہے کہ مذکورہ تجویز کے تحت مستقل جنگ بندی حاصل کی جاسکتی ہے جس سے یمنی عوام کے اپنے حقوق کے حصول اور آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی۔ اس بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ طے شدہ اصول اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں مستقل جنگ بندی، ہمہ گیر سیاسی راہ حل کا راستہ ہموار کرے گی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے تمام فریقوں سے درخواست کی کہ یمنی عوام کی ضرورتوں کو سرفہرست رکھتے ہوئے، تشدد کے بجائے امن و آشتی کے راستے کا انتخاب کریں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ یمن کی پیٹرولیم کی قومی کمپنی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ ان آئل ٹینکروں پر قبضے کو بھی روک نہیں پا رہا ہے جن کے اجازت نامے خود اس بین الاقوامی ادارے نے جاری کئے ہیں۔

المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی پیٹرولیم کی قومی کمپنی کے سربراہ عصام المتوکل نے بتایا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کے پہلے ہی دن سعودی عرب نے پیٹرول لے جانے والے آئل ٹینکر، "سی ہارٹ" پر قبضہ کرلیا۔

عصام المتوکل نے زور دیکر کہا کہ اقوام متحدہ، جارح افواج کی ہی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیل، پیٹرول اور ڈیزل لے جانے والے جہازوں پر سعودی اتحاد کے قبضے سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی کوئی توجیہ پیش نہیں کی جاسکتی۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی اتحاد نے جنگ بندی کے گذشتہ دو دور میں چودہ ہزار بار یمنی مراکز پر حملہ کرکے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ اپریل میں یمن میں دو مہینے کے لئے جنگ بندی کا اعلان ہوا تھا جس میں جون میں مزید دو مہینے کی توسیع کی گئی تھی۔ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے مطابق جنگ کے دونوں فریقوں نے ماضی میں طے شدہ اصول کے تحت جنگ بندی میں مزید دو مہینے کی توسیع پر اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس