Aug ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • یوکرین کے ایٹمی بجلی گھر کا معاملہ بحران کی جانب بڑھ رہا ہے: آئی اے ای اے

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی نے یورپ کے سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھر میں حالات بحرانی ہونے کی جانب سے خبردار کیا ہے۔

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہنگامی نشست کے دوران کہا کہ آئی اے ای اے کو زاپوریژیا ایٹمی پاور پلانٹ تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات زور دیا کہ اس ایٹمی بجلی گھر کے قریب جھڑپوں نے ایک بھیانک بحران کھڑا کر دیا ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ بونی جینکنز نے بھی آئی اے ای اے کی جانب سے یوکرین کے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کا خاتمہ ہی ایٹمی سیکورٹی کی ضمانت ہے۔

دریں اثنا، اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب وازیلی نیبینزیا نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ماسکو کا یوکرینی افواج کے حامی ممالک سے مطالبہ ہے کہ اپنے زیر اثر ان افواج پر قابو اور انہیں ہمیشہ کے لئے زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر پر حملے سے باز رکھیں۔ روسی مندوب نے اس طریقہ کار کو آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی سرگرمیوں کے لئے پرامن ترین راستہ قرار دیا۔ وازیلی نیبینزیا نے زور دیکر کہا کہ یوکرینی افواج پر قابو کرنا یورپ کو ایک  تابکاری پھیلنے کے سانحے سے بچانے کا واحد طریقہ ہے جس کا خطرہ ہر دور سے زیادہ قریب نظر آرہا ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے بھی یورپ کے سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھر کے قریب یوکرینی افواج کی گولہ باری کو ایٹمی دہشت گردی اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان نے بھی اس سے قبل زور دیکر کہا تھا کہ یوکرین کی اس ایٹمی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک المیہ رونما ہوسکتا ہے جس کے نتائج چرنوبل حادثے سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوں گے۔

یورپی یونین کے شعبۂ خارجہ پالیسی کے سربراہ نے بھی گذشتہ ہفتے زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر پر یوکرینی افواج کی گولہ باری کی مذمت کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ زاپوریژیا یورپ کا سب سے بڑا ایٹمی بجلی گھر ہے جس میں چھے ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ایٹمی بجلی گھر یوکرین کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع ہے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں پورا یورپ اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔

ٹیگس