اردوغان، پوتین اور زیلنسکی کی ملاقات کروانے کی کوشش میں
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ان کا ملک روسی صدر ولادیمیر پوتین اور یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کی ملاقات کے لئے ہم آہنگی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترک ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنی کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک جنگِ یوکرین ختم کرانے کے مقصد سے روسی صدر ولادیمیر پوتین اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کے درمیان ملاقات کے لئے ہم آہنگی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اردوغان نے کہا ہے کہ روس کے شہر سوچی میں روسی صدر سے ان کی اس سلسلے میں گفتگو بھی ہوئی ہے جبکہ یوکرین کے شہر لویو میں یوکرین کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ان کی سہ فریقی ملاقات ہوئی ہے۔
جنگ یوکرین کے بعد سے ہی ترکیہ اس جنگ میں مصالحت کار کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم اب تک وہ اپنے مقصد میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقتصادی مسائل و مشکلات کی بنا پر اردوغان کی اندرونی سطح پر مقبولیت کم ہوگئی ہے اور وہ علاقائی و عالمی سطح پر خاص طور سے جنگ یوکرین میں اپنا کردار ادا کر کے اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش میں لگے ہیں۔