روس نے سلامتی کونسل میں امریکی قرارداد ویٹو کردی
روس نے یوکرین کے 4 علاقوں کے الحاق کے خلاف سلامتی کونسل میں پیش کی گئی امریکی قرارداد ویٹو کردی۔
سحر نیوز/ دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کے 4 علاقوں کے الحاق خلاف سلامتی کونسل میں پیش کی گئی امریکی قرارداد ویٹو کردی۔
امریکا کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں روسی اقدام کی مذمت اور یوکرین کی سرحدوں میں تبدیلی کو تسلیم نہ کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قرارداد میں 24 فروری تک یوکرین سے روسی فوج کا انخلاء مکمل کرنے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔
اس سے پہلے روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے جمعے کو دونیسک، لوہانسک خرسون اور زاپوریژیا نامی علاقوں کو روس میں ضم کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کے شہریوں کو روسی شہریت دی جائے گی۔
یاد رہے کہ مذکورہ چاروں علاقوں کے عوام نے ایک ریفرنڈم میں شرکت کرکے یوکرین سے علیحدگی اور روس میں شمولیت کے حق میں ووٹ دیئے تھے۔ مذکورہ علاقوں کے پچانوے فیصد لوگوں نے ریفرنڈم میں روس کے ساتھ الحاق کی حمایت کی ہے۔ ان چاروں علاقوں میں روسی زبان بولنے والوں کی اکثریت ہے۔