یوکرین پر روس کا وسیع میزائلی اور فضائی حملہ
کریمیا پل میں دھماکے کے دو دن بعد، روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر وسیع حملوں کی خبریں مل رہی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق، پیر کی صبح کیف کے متعدد علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ہیں ۔ یوکرین کے تقریبا سبھی اہم شہروں میں فضائی حملے کے سائرن سے لوگوں میں وحشت پھیل گئی ہے۔
خبری ذرائع نے بتایا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے علاوہ دنیپرو، ژیتومیر، لی ایف اور دیگر متعدد شہروں اور علاقوں کو روس نے میزائلوں کا نشانہ بنایا ۔ اس کے ساتھ ہی یوکرین کے فضائی دفاعی سسٹم کی فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ روس کے وسیع فضائی حملے شروع ہونے کے بعد، ولادیمیر پوتین کی صدارت میں قومی سیکورٹی کونسل کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا ہے ۔
روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اس اجلاس میں کہا ہے کہ زمینی صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات مستحکم ہونے تک صورتحال پر گہری نظر رکھی جائے گی۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روس کی جانب سے دسیوں میزائل داغے جانے کے بعد جرمنی کے چانسلر اولاف شولٹس اور فرانس کے صدر امانوئل میکران سے ٹیلی فونی گفتگو میں ان سے ان حملوں کا سخت جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
درایں اثنا کیف میں امریکی سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے اور وقت ملتے ہی جلد سے جلد یوکرین سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے ۔