Oct ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • روس، کریمیا پل اڑانے کے الزام میں 8 افراد گرفتار

روس نے کریمیا کے پل کو دھماکے سے اڑانے کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس نے 8 افراد کو گرفتار کرنے کی خبر دی ہے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کریمیا پل کے دھماکے میں ملوث ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں انٹیلی جینس کے بڑے عہدیداروں نے کریمیا پل کے حالیہ دھماکے کے سلسلے میں 8 افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے جس کے نتیجے میں اس پل کا ایک حصہ تباہ ہو گیا تھا۔

اس پل کو جزیرہ نما کریمیا تک روس کا نقل و حمل کا واحد محور سمجھا جاتا ہے۔ یہ جزیرہ نما سنہ 2014 تک یوکرین کا حصہ تھا لیکن اس کے بعد ریفرینڈم کے بعد روسی فیڈریشن میں شامل ہو گیا۔

روسی فیڈرل سیکورٹی سروس "ایف ایس بی" کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سے پانچ روسی نژاد ہیں جبکہ 3 دیگر ملزمان کا تعلق یوکرین اور آرمینیا سے ہے۔

روسی انٹیلی جینس سروس نے ان گرفتاریوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں لیکن یوکرین کی حکومت پر کرچ برج (کریمیا پل) پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا تھا۔

اس پل پر ہونے والے دھماکے کے دو دن بعد 10 اکتوبر کو روس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یوکرین کے دارالحکومت "کی ایف" شہر کے مرکز اور ملک کے کئی دیگر شہروں پر کئی میزائل حملے کیے تھے جبکہ بدھ کے روز بھی یوکرین کے مختلف حصوں پر حملے کئے گئے تھے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے پیر کو تصدیق کی تھی کہ انہوں نے کرچ پل کی تباہی کے بدلے میں میزائل حملوں کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ روس کے لئے خطرہ بننے والے کسی بھی حملے کا "سخت جواب" دیا جائے گا۔

ٹیگس