یوکرینی فوج کو مفت سیٹلائیٹ انٹرنیٹ کی فراہمی ختم کردیں گے: اسپیس ایکس
کمپنی کے مالک ایلن ماسک نے اپنی ٹوئیٹ میں اعلان کیا کہ یوکرین کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کی فراہمی پر سپیس ایکس کو 80ملین ڈالر کے اخراجات برداشت کرنا پڑے ہیں جو اس سال کے آخر تک 100ملین ڈالر تک جاپہنچیں گے اور کمپنی مزید خیراتی ٹرمینل فراہم نہیں کرسکتی، پینٹاگان کو یہ اخراجات برداشت کرنے چاہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایلن ماسک کی کمپنی اسٹارلنک نے گزشتہ موسم بہار سے یوکرینی فوج کو سیٹلائیٹ انٹرنیٹ کی سروس فراہم کرنا شروع کی تھی جو یوکرینی فوج کے لئے بہت اہمیت کی حامل ثابت ہوئی ہے، اسٹارلنک کمپنی نے یوکرین کو 20ہزار سیٹلائٹ اسٹارلنک کنکشن فراہم کئے ہیں۔ کمپنی کے مالک ایلن ماسک نے اپنی ٹوئیٹ میں اعلان کیا کہ اس سروس کی فراہمی پر سپیس ایکس کو 80ملین ڈالر کے اخراجات برداشت کرنا پڑے ہیں جو اس سال کے آخر تک 100ملین ڈالر تک جاپہنچیں گے۔
ایلن ماسک نے پینٹاگان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یوکرین میں انٹرنیٹ کی سروس جاری رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں اس کے اخراجات برداشت کرنے پڑیں گے۔ یوکرینی فوج کو اسٹارلنک سروس فراہمی کے ماہانہ اخراجات دسیوں ملین ڈالر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایلن ماسک نے ستمبرمیں پینٹاگان کو ایک خط لکھا تھا جس میں اس نے کہا کہ یوکرین کو مزید مفت اسٹارلنک انٹرنیٹ سروس فراہم نہیں کرسکتا اور اس نے پینٹاگان سے درخواست کی تھی کہ یوکرینی فوج کو اسٹارلنک سروس کی سالانہ فراہمی کے اخراجات 120ملین ڈالر ہیں اورپینٹاگان کو یہ اخراجات برداشت کرنے چاہیں۔
اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو نے امریکی وزارت خارجہ کو خط میں کھلم کھلا لکھا کہ ہم اس حال میں نہیں ہیں کہ یوکرینی فوج کو مزید انٹرنیٹ فراہمی کے ٹرمینال خیرات کریں یا ایک نامحدود مدت کےلئے ان کے مالی اخراجات اٹھائیں۔