Nov ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • روسی برآمدات میں رکاوٹیں ختم کئے جانے کی ضرورت پر اقوام متحدہ کا زور

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے روسی غذائی اشیا اور کھاد کی برآمدات میں پائی جانے والی رکاوٹیں دور کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں روسی غذائی اشیا اور کھاد کی برامدات سے رکاوٹیں ختم اور یوکرینی گندم کی برآمدات کے سمجھوتے کی مدت میں توسیع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ماسکو نے گذشتہ ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ کریمیا کی بندرگاہ پر یوکرین کے دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے بحیرہ اسود سے یوکرینی غذائی اشیا کی منتقلی کے سمجھوتے میں اپنی شرکت کو معطل کر رہا ہے۔

روس نے اپنے اعلان کی وجہ کریمیا کے سواحل پر بحری جہازوں کو یوکرین کی جانب سے ڈرون حملے کئے جانا بتائی تاہم بدھ کے روز روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ ماسکو نے یوکرینی گندم کی برآمدات کے سمجھوتے میں اپنی شرکت سے متعلق کردار ادا کرنا پھر شروع کر دیا ہے۔

روس کی جانب سے یہ اعلان اقوام متحدہ اور ترکی کے تعاون اور یوکرین کی جانب سے بندرگاہوں اور بحری جہازوں پر حملے نہ کرنے کی تحریری ضمانت کے بعد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل روس نے اس سلسلے میں تحریری ضمانت فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ یوکرینی گندم کی برآمدات سے متعلق سمجھوتے پر عمل درآمد جاری رہ سکے۔

ٹیگس