کیا "گرے ایگل" ڈرون میدان جنگ کا نقشہ بدل دے گا؟
امریکی سینیٹرز بائیڈن انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ روس کے ساتھ محاذ آرائی میں ہیل فائر میزائلوں سے لیس جدید "گرے ایگل" ڈرون یوکرین منتقل کردیں۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی قانون ساز جو بائیڈن کی حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ روس کے خلاف یوکرین کی فوج کو ہیل فائر میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے جدید "گرے ایگل" ڈرون منتقل کردیں۔
"ڈیفنس نیوز" ویب سائٹ کے مطابق، سینیٹ کے 16 ریپبلکن اور ڈیموکریٹک سینیٹرز نے، جن میں سے اکثر آرمڈ فورسز کمیٹی کے ممبر ہیں، منگل کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو ایک خط بھیجا اور اس پریس رپورٹ پر اعتراض کیا جس میں کہا گیا تھا کہ پینٹاگون نے ان ڈرون طیاروں کو یوکرین نہ بھیجنے کو ترجیح دی ہے۔
اس خط میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈرون مختصر مدت میں یوکرینی فوج کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ ڈرون بحیرۂ اسود میں روسی جنگی جہازوں کو تلاش کرکے ان پر حملہ کر سکتے ہیں۔
گرے ایگل یو اے وی چار ہیل فائر میزائلوں کو لے جانے کی توانائی رکھتا ہے اور 29,000 فٹ کی بلندی پر پرواز کر سکتا ہے۔