اتنی تباہی کے بعد کیا یوکرین کو نیٹو میں شمولیت کیلئے گرین سگنل مل گیا؟
جینز اسٹولٹن برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو اتحاد میں شامل ہو جائیگا۔
سحر نیوز/دنیا: نیٹو نے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے اور روسی حملوں سے تباہ ہونے والے توانائی کے بنیادی ڈھانچوں کو ٹھیک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بخارسٹ میں ایک سربراہی اجلاس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے ماسکو پر الزام لگایا کہ وہ موسم سرما کو جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، روسی حملوں نے لاکھوں یوکرینی باشندوں کو منجمد درجہ حرارت میں بجلی اور بہتے پانی سے محروم کر دیا ہے۔
جینز اسٹولٹن برگ نے دعویٰ کیا کہ یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو اتحاد میں ضرور شامل ہوگا، اسی عمل کو روکنے کیلئے روس نے یوکرین پر حملہ کیا۔
امریکہ اور یورپی ممالک نے یوکرین کو نیٹو میں جگہ دینے کیلئے روس کے خلاف خوب ابھارا اور یوکرین ان کی باتوں میں آ گیا۔ لیکن ابھی تک یوکرین کو نیٹو میں شامل نہیں کیا گیا، ہر بار امریکی، یورپی اور نیٹو کے حکام مختلف قسم کے وعدے دیتے ہیں جو کئی سال گزر جانے کے باوجود عملی نہیں ہوئے اور وعدوں کی حد تک ہی رہے۔