روس نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا بلکہ وہ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے: روسی صدرپوتین
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے کہا ہے کہ روس جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، روس نے کبھی بھی یوکرین کے ساتھ مذاکرات سے انکار نہیں کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے ماسکو میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روس کا مقصد فوجی تصادم کے پہیے کو گھمانا نہیں بلکہ اس جنگ کو ختم کرنا ہے، ہم جنگ کے خاتمے کیلئے جلد کوششیں کریں گے، کئی بار کہا ہے کہ دشمنی کی شدت بلاجواز نقصانات کا سبب بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی مخالفت کرنے والوں کو یہ احساس جتنی جلد ہو جائے بہتر ہے۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ تمام مسلح تنازعات سفارتی اور مذاکراتی عمل کے راستے سے ہی ختم ہوتے ہیں، تنازعات کے فریق جلد یا بدیر ایک ساتھ بیٹھ کر معاہدہ کرلیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کا پیٹریاٹ دفاعی نظام کافی پرانا ہے، روسی ایس 300 سسٹم کی طرح کام نہیں کرتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یوکرین کو ملنے والے امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام کے مقابلے کا راستہ نکال لیں گے۔
دوسری جانب کریملن نے کہا ہے کہ یوکرین کو امریکی دفاعی نظام کی فراہمی روس کو مقاصد پورے کرنے سے نہیں روک سکتی۔ امریکہ کے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل سسٹم دینے سے تنازع کا حل نہیں نکلے گا۔
کریملن کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر کے دورہ امریکہ میں امن بات چیت کے کوئی اشارے نہیں ملے۔ امن سے متعلق بات چیت نہ ہونا امریکہ کی روس سے پراکسی وار کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں یوکرین کے صدر زیلنسکی امریکہ کے دورے پر ہیں۔