Dec ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۵ Asia/Tehran
  • روس نے مذاکرات کی یوکرین کی شرائط مسترد کردیں

روس نے دوسروں کی شرائط پر مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ماسکو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق روسی ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس نے ہمیشہ اپنی شرائط پر قدم اٹھائے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ روس اپنے اہداف کا پابند ہے اور ماسکو دوسروں کی عائد کردہ شرائط پر کبھی مذاکرات شروع  نہیں کرے گا۔ 
روسی ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے یہ بیان مذاکرات کے تعلق سے یوکرینی وزیر خارجہ دیمتری کولیبا کی مشروط پیشکش کے جواب میں دیا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ دیمتری کولیبا نے کہا ہے کہ ہر جنگ کا خاتمہ میدان جنگ میں حاصل ہونے والے نتائج سے قطع نظر میز پر انجام پانے والے مذاکرات پر ہوتا ہے۔
یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لئے مذاکرات ضروری ہیں لیکن امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے پہلے روس کو بقول ان کے یوکرین کے خلاف جنگی جرائم پر عالمی عدالت انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔
یوکرین کے وزیر خارجہ دیمتری کولیبا نے یہ بات روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے اس بیان کے جواب میں کہی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ روس  یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات کے لئے تیار ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے اپنے یوکرینی ہم منصب کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ہماری تجاویز سے پہلے ہی واقف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ آگے بڑھنے کےلئے یوکرین کو اپنے علاقے غیر فوجی بنانا ہوں گے، نیو نازی انتہا پسندوں کو ختم کرنا ہوگا اور اپنی سرزمین سے روس کو لاحق خطرات کو ختم کرنا ہوگا۔  
انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے لئے ماسکو کی شرائط میں  یہ بھی شامل ہے کہ جو چار علاقے روس کے ساتھ الحاق کرچکے ہیں ، انہیں روس کا حصہ تسلیم کرے ۔ 
انھوں نے جنگ یوکرین  کی قابل قبول راہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین امن مذاکرات کو مسلسل مسترد کررہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کی ایف ماسکو کی تجاویز کو نہیں مانتا ہے تو روسی فوج اس سلسلے میں فیصلہ کرے گی۔

ٹیگس