Jan ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۸ Asia/Tehran
  • انگلینڈ کی طرف سے ممکنہ طور پر یوکرین بھیجے جانے والے ٹینک وہاں جل جائیں گے: روس

روس نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی طرف سے ممکنہ طور پر یوکرین بھیجے جانے والے ٹینک وہاں پر جل جائیں گے اور اس سابقہ سوویت جمہوریہ کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی سے جنگ کے نتیجے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

سحرنیوز/دنیا: پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ لندن یوکرین کے اپنے جدیدترین چیلنجر2مین بیٹل ٹینک فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اورہفتہ کے دن ان خبروں کی اس وقت تصدیق ہوگئی جب برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے یوکرینی صدر زلنسکی کو فون کرکے 14 ٹینک اوراضافی آرٹلری نظام آئندہ ہفتوں میں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

پیر کے دن کرملین نے ان خبروں پر اپنا ردعمل دکھاتے ہوئے کہا کہ برطانیہ یوکرین کو ایک اوزار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور اس کے ذریعے سے روس مخالف اہداف کا حصول چاہتا ہے۔

روسی صدارتی دفتر کرملین کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے اخبار کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران برطانوی ٹینکوں کے بارے میں کہا کہ یہ ٹینک بھی باقی ٹینکوں کی طرح جل کر راکھ ہوجائیں گے۔

روسی صدارتی دفتر کے ترجمان نے مزید کہا کہ انگلینڈ اور پولینڈ کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی یوکرین کو فراہمی سے زمینی حقائق نہیں بدلیں گے اوریہ ان ممالک کی جنگ کو طول دینے کی کوشش ہے اور اس سے یوکرین کےلئے مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔

اس سے پہلے فرانس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے جدیدترین ہلکے اے ایم ایس 10 آرسی لڑاکو گاڑیاں یوکرین بھیج رہا ہے۔ یہ گاڑیاں پہیوں والے ٹینک یا ہلکے ٹینک بھی کہلاتے ہیں۔

جب کہ امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین کو بریڈلے لڑاکو گاڑیاں فراہم کررہا ہے اورجرمنی نے اپنی 40 مارڈر لڑاکو گاڑیاں آئندہ ہفتوں کے دوران یوکرین کو فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ جنگ مثبت انداز میں جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ ان کی فوج مزید فتوحات حاصل کرے گی کیونکہ روسی افواج نے مشرقی یوکرین کی نمک کی کانتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

ٹیگس