یوکرین میں امریکہ کا اسپیشل نیوی سیل ہلاک، امریکی بحریہ کی تصدیق
امریکی بحریہ نے یوکرین میں اپنے ایک سابق اسپیشل نیوی سیل کی ہلاکت کی خبروں کی تائید کر دی ہے جس کا نام ڈانیل ڈبلیو سوئیفٹ بتایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ ڈانیل ڈبلیو سوئیفٹ نامی اس کا سابق اسپیشل کمانڈو بدھ کے دن یوکرین میں مارا گیا ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ اس فوجی نے 11 مارچ 2019ء کو فوج کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ہم اس نیوی سیل کے یوکرین میں موجودگی کے بارے میں کچھ کہہ نہیں سکتے۔
امریکی وزارت خارجہ نے بھی یوکرین میں جاری جنگ کے دوران اپنے ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے لیکن اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والے امریکی شہری کے خاندان سے رابطے میں ہیں اور انہیں ہر ممکنہ سفارتی امداد مہیا کریں گے اور اس خاندان کے احترام اور پرائیویسی کا لحاظ کرتے ہوئے اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین میں ہلاک شدہ سوئیفٹ نے 2005ء میں ملک کی بحریہ میں شمولیت اخیتار کی اور اسپیشل نیوی سیلز کی اپنی تربیت 2006 میں مکمل کرنے کے بعد اس نے عراق اور افغانستان کی جنگ میں بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ روس یوکرین جنگ کے آغاز سے ہی مغربی ممالک اور امریکہ نے روس پر پابندیاں لگا کر اس پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ روس کے مقابلے میں یوکرین کو ہر قسم کے ہتھیار فراہم کرکے اس جنگ کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ مختلف بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق روس یوکرین جنگ کےآغاز سے اب تک امریکہ یوکرین کو 26 اعشاریہ 7 بلین ڈالر کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔