Feb ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • امریکہ یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کر رہا ہے:  پنٹاگون

امریکی وزارت جنگ پنٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ دو اعشاریہ دو ارب ڈالر کے مزید ہتھیار یوکرین کو فراہم کئے جا رہے ہیں جن میں دور مار راکٹ و میزائل بھی شامل ہیں جس کے نتیجے میں روسی فوج کا مقابلہ کرنے میں یوکرین کی جنگی توانائی دوگنا بڑھ جائے گی۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے ترجمان پٹ رائیڈر نے کہا ہے کہ دو اعشاریہ دو ارب ڈالر کے مزید ہتھیار یوکرین کو فراہم کئے جا رہے ہیں جن میں دور مار راکٹ و میزائل اور جی ایل ایس ڈی بی یعنی چھوٹے سائز کے ایسے بم شامل ہیں جو زمین سے چھوڑے جاتے ہیں اور ڈیڑھ سو کلو میٹر کے دائرے میں روسی فوجی مراکز کو نشانہ بنا سکیں گے۔ 
ان ہتھیاروں کے نتیجے میں روسی فوج کا مقابلہ کرنے میں یوکرین کی جنگی توانائی دوگنا بڑھ جائے گی اور یوکرینی فوج اپنے ملک کے علاقے روس سے واپس لے سکی گی۔ 
چھوٹے سائز کے ان بموں کو یوکرینی فوج دونباس، زاپوریژیا، خرسون اور کریمیا کے علاقوں تک روسی فوج کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے استعمال کر سکے گی۔ 
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امریکی ہتھیاروں کی اس کھیپ کی ترسیل کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہمیں جتنے دور مار ہتھیار ملیں گے اور ہماری فوج جتنا زیادہ سرگرم ہو گی اتنا ہی زیادہ روس کی جارحیت کو روکنے میں مدد ملے گی۔ 
یوکرین کافی عرصے سے امریکہ سے دور مار ہتھیار کی درخواست کر رہا تھا تاکہ دور دراز کے علاقوں میں واقع روسی فوجی ٹھکانوں کو تباہ کیا جا سکے۔ 
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یوکرین جنگ کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر مغرب اور امریکہ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ہتیھاروں کی بنا پر جنگ یوکرین ختم ہونے کے بجائے اور زیادہ خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے اور جنگ کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔

ٹیگس